راولپنڈی: آرمی چیف کی اہلِ تشیع علمائے کرام سے ملاقات، قومی سلامتی اور ہم آہنگی پر تبادلہ خیال

 

راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہلِ تشیع مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے معاشرے میں اتحاد، برداشت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں علماء کے اہم کردار پر زور دیا، خصوصاً گمراہ کن معلومات، فرقہ وارانہ بیانیے اور بیرونی عناصر کی جانب سے کی جانے والی تخریبی سرگرمیوں کے تدارک کے حوالے سے۔

انہوں نے آپریشن “غضب للحق” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے خلاف دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دہشتگردوں اور ان کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے افغان طالبان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

آرمی چیف نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے علماء کے کردار کو انتہا پسندی کے خاتمے اور قومی اتحاد کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مذہبی جذبات کو تشدد بھڑکانے کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور بیرونِ ملک پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر ملک میں کسی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ملاقات میں شریک علمائے کرام نے امن و استحکام کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مذہب کے نام پر تشدد کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ملک میں امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Spread the love

Check Also

پیپلزپارٹی امن کمیٹی کے سربراہ وعزیر بلوچ نے ضمانت کی درخواست دے دی،اے ٹی سی کا جواب بھی آگیا۔

    کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کالعدم تنظیم پیپلز امن کمیٹی کے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے