تربت ۔تُربَ(بلوچستان اپڈیٹس) لاکھوں مسلم ذکری زائرین کا کوہ مراد زیارت شریف پر 27 رمضان المبارک کے موقع پر منعقد ہونے والا سالانہ ذکر و فکر، زیارت اور شب بیداری کا عظیم عبادتی اجتماع اختتام پذیر ہوگیاح۔ 28 رمضان المبارک کی صبح سے ہی زائرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے، جبکہ زائرین عیدالفطر اپنے اپنے گھروں میں اہلِ خانہ کے ساتھ منائیں گے۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع سے لاکھوں کی تعداد میں مسلم ذکری زائرین روحانی فیض و برکت حاصل کرنے کے لیے کوہ مراد زیارت شریف پہنچے اور رات بھر عبادات، ذکر و اذکار، دعاؤں اور شب بیداری میں مصروف رہے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالمجید ایڈووکیٹ نے کہا کہ کوہ مراد زیارت شریف پر منعقد ہونے والا یہ روحانی اجتماع باہمی بھائی چارے، امن اور ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ انہوں نے اجتماع کے کامیاب انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز، صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، ڈسٹرکٹ کونسل کیچ ، میونسپل کارپوریشن تربت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے زیارت کمیٹی، الذاکرین فاؤنڈیشن، سارت فاؤنڈیشن، اوست ویلفیئر آرگنائزیشن اور دیگر سماجی تنظیموں کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے، نظم و ضبط برقرار رکھنے اور فلاحی خدمات انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
سید عبدالمجید ایڈووکیٹ نے تمام رضاکاروں، سماجی کارکنوں اور مقامی افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے زائرین کی خدمت اور اجتماع کے پرامن انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website