تربت: ڈسٹرکٹ پولیس کیچ نے ٹریفک ونگ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری اور ٹریفک نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے خصوصی ریفریشر کورس کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ تربیتی پروگرام ایس ایس پی کیچ کی ہدایت اور سفارش پر منعقد کیا جا رہا ہے، جبکہ کورس کے انعقاد کے لیے موٹر وے پولیس زون گوادر کے ماہر تربیتی افسران کو تربت تعینات کیا گیا ہے۔ تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی موٹر وے پولیس گوادر کے سب انسپکٹر قمبر کر رہے ہیں۔
کورس کے دوران ٹریفک اہلکاروں کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی، حادثات کی روک تھام، رفتار کی مقررہ حدود، محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق عملی اور نظریاتی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 2 جون سے شروع ہونے والا یہ تربیتی پروگرام 8 جون تک پولیس لائن تربت میں جاری رہے گا، جس میں ٹریفک ونگ کے اہلکار بھرپور انداز میں شرکت کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق کورس کا مقصد اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھارنا، ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی اقدام سے ٹریفک ونگ کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور ضلع بھر میں ٹریفک نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website