خزانہ آفس سوراب کی عدم دلچسپی، ملازمین تاحال تنخواہوں سے محروم،عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں

 

 

سوراب: خزانہ آفس سوراب کی مبینہ عدم دلچسپی اور سست روی کے باعث مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین تاحال اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث ان میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، خصوصاً عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے اعلامیہ کے تحت عیدالفطر سے قبل ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی 16 تاریخ تک یقینی بنائی جانی تھی، تاہم اس کے باوجود سوراب کے متعدد محکموں کے ملازمین کو ابھی تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ کئی روز سے خزانہ آفس کے چکر لگا رہے ہیں مگر انہیں صرف یقین دہانیاں کروا کر واپس بھیج دیا جاتا ہے۔

ملازمین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید جیسے اہم موقع پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے ان کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث وہ پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اور اب تنخواہوں کی تاخیر نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ بچوں کے کپڑے، عید کی تیاری اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے وہ مکمل طور پر اپنی تنخواہوں پر انحصار کرتے ہیں، مگر خزانہ آفس کی غفلت نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔

سماجی و عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ملازمین کو ان کا حق بروقت مل سکے۔

عیدالفطر جیسے خوشی کے موقع پر ملازمین کو مالی پریشانی میں مبتلا کرنا نہ صرف انتظامی ناکامی ہے بلکہ ایک سنگین ناانصافی بھی ہے، جس کا فوری ازالہ ناگزیر ہے۔

Spread the love

Check Also

تربت: ٹریفک پولیس اہلکاروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورس کا آغاز

    تربت: ڈسٹرکٹ پولیس کیچ نے ٹریفک ونگ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے