تربت (نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے منگل کے روز ٹیچنگ ہسپتال تربت کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے شعبہ حادثات، ایمرجنسی اور گائناکالوجی وارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ہسپتال میں صفائی کی ابتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وحید بلیدی کو ہدایت کی کہ خصوصاً شعبہ حادثات میں فوری اور مؤثر صفائی کے اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی اور گائناکالوجی وارڈ میں ڈاکٹرز کی غیر حاضری پر بھی سخت ناراضی کا اظہار کیا اور ایم ایس کو ہدایت دی کہ تمام ڈاکٹرز اور عملے کی مکمل حاضری رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر حاضر عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ایس نے آگاہ کیا کہ بعض بااثر ڈاکٹرز اور عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتا ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان کے خلاف باقاعدہ رپورٹ طلب کر لی۔
ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی کا کہنا تھا کہ “ہم اس سرزمین کے وارث ہیں، اگر ہماری موجودگی میں بھی ہسپتال کی صورتحال بہتر نہ ہو تو یہ ہرگز قابل قبول نہیں۔”
انہوں نے ہیلتھ کارڈ کے استعمال سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال تقریباً دو کروڑ روپے سے کم رقم ہیلتھ کارڈ کے ذریعے خرچ کی گئی ہے، جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت کے دائرہ کار کو بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ غریب مریضوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
مزید برآں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر تربت کو ہدایت دی کہ ہسپتال کی کڑی نگرانی کی جائے اور ڈیوٹی اوقات میں غیر حاضر یا نجی کلینکس میں مصروف ڈاکٹرز کے خلاف رپورٹ پیش کی جائے۔
دورے کے موقع پر میئر تربت بلخ شیر قاضی، اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف کبزئی، چیف آفیسر شعیب ناصر اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website