نوجوانوں کی خودمختاری اور معاشی استحکام کی جانب ایک جامع پیش رفت
تربت(رپورٹ \الطاف بلوچ) حکومتِ بلوچستان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی اور معاشی بحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل اس وقت عبور کیا گیا جب بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے “رائز بلوچستان پروگرام” کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ عطا شاد ڈگری کالج تربت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ر) اسداللہ بلوچ تھے، جنہوں نے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب میں ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں، سیاسی نمائندگان اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس پروگرام کی اہمیت اور عوامی دلچسپی کا بھرپور اظہار ہوا۔
قیادت کا عزم اور ادارہ جاتی ہم آہنگی
تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، بی آر ایس پی کے ریجنل کوآرڈینیٹر التاز سخی، کالج کے پرنسپل پروفیسر ظہیر احمد، یونیورسٹی آف تربت کے پروفیسر غلام جان بلوچ، آل پارٹیز کیچ کے کنوینئر نواب شمبئے زئی، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ فہد رحیم، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے بلوچستان ریجنل منیجر نبیل احمد بلوچ، اسٹریٹجک پالیسی آرگنائزیشن کے ریجنل منیجر محراب بلوچ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین نے حکومتِ بلوچستان کے اس اقدام کو نوجوانوں کی بااختیاری، مقامی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے بروقت اور مؤثر قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “رائز بلوچستان پروگرام” (Resilient and Integrated Support for Empowerment in Balochistan) ایک جامع حکومتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو باوقار روزگار اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کی نمایاں خصوصیات
مقررین کے مطابق ضلع کیچ میں اس پروگرام کے تحت:
کمیونٹی سطح پر 70 سماجی فیصلے روابط کے ذریعے حل کیے جائیں گے
180 ثقافتی، کھیلوں اور کمیونٹی تقریبات منعقد ہوں گی
57,464 گھرانوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کیے جائیں گے
180 چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار قائم یا مستحکم کیے جائیں گے
4,320 نوجوانوں کو تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی
1,620 افراد کی موسمی آمدن کو مستقل معاشی سرگرمیوں میں تبدیل کیا جائے گا
12,000 نوجوانوں اور کاروباری افراد کو بلا سود قرضوں تک رسائی دی جائے گی
اس کے علاوہ انکم جنریٹنگ گروپس کے قیام، چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کی معاونت، کمیونٹی فزیکل انفراسٹرکچر اسکیموں کے ذریعے بنیادی سہولیات کی بہتری اور فنی تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
نوجوانوں کے لیے نئی امید
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام ضلع کیچ میں معاشی و سماجی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے گا، خواتین کی معاشی شمولیت کو فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر مضبوط معیشت کے قیام سے امن و خوشحالی کو تقویت ملے گی۔
تقریب کی نظامت بی آر ایس پی کی سوشل آرگنائزر ماہ نور شاہ نے انجام دی، جبکہ اختتام پر مہمانانِ گرامی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
شرکاء نے “رائز بلوچستان پروگرام” کو خصوصاً ضلع کیچ کے نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ عملی ثمرات کے ذریعے خطے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website