اسلام آباد:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی سفارش پر ملک بھر میں 46 جوا اور غیر قانونی فاریکس ایپس پر پابندی عائد کر دی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق یہ ایپس عوام سے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بٹورنے میں ملوث تھیں اور شہریوں کا ذاتی ڈیٹا، بشمول موبائل نمبرز اور سم کی معلومات، غیر قانونی طور پر اکٹھی کر رہی تھیں۔ ترجمان نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے جوئے اور غیر قانونی سرمایہ کاری کے نام پر نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ایپس کی بندش سے نہ صرف مالی دھوکہ دہی میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے پرسنل ڈیٹا کو بھی تحفظ حاصل ہوگا۔ مزید برآں، سائبر کرائم اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی ایپ یا مشکوک سرمایہ کاری اسکیم کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔