اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) عالمی یومِ آزادیٔ صحافت 3 مئی کے موقع پر صحافیوں کے تحفظ کیلئے “Journalist Alert” کے نام سے ایک خصوصی ایپ لانچ کر رہی ہے۔ اس ایپ کا باقاعدہ افتتاح نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔
یہ ایپ صحافیوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اغواء، گرفتاری، تشدد، حادثہ یا بیماری کی صورت میں صحافی ایپ کا بٹن دبا کر اپنی لوکیشن فوری طور پر مرکزی و علاقائی ایڈمنز کو بھیج سکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے قریبی پولیس اسٹیشن، ہسپتال، فائر بریگیڈ اور ریسکیو سروسز کے رابطہ نمبرز بھی مہیا ہوں گے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری کے مطابق، وقت کے ساتھ ساتھ ایپ میں مزید فیچرز اور بہتری شامل کی جائے گی تاکہ صحافیوں کو زیادہ محفوظ اور مربوط مدد فراہم کی جا سکیں۔