وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا میں چین مخالف کسی تقریب میں شرکت کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین بلاجواز زہریلا پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے وضاحت کی کہ انہوں نے نوجوانوں کی ایک تقریب میں شرکت کی، جسے غلط رنگ دے کر متنازع بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "ایسے جھوٹے پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، حقائق عوام کے سامنے ہیں۔”
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ امریکا کے ایوان نمائندگان میں پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جا رہا ہے، جو قومی مفادات کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ سیاست ملکی مفادات سے بالاتر ہو کر نہ کی جائے، کیونکہ اس کا نقصان براہ راست پاکستان کو ہوگا۔
محسن نقوی نے کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتوں کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website