تربت ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے ضلع میں پٹرول کی مصنوعی قلت اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آفس کیچ سے جاری مراسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تربت اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر پٹرول پمپس اور ڈپو بند کر کے ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کریں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ عمل عوامی سہولت میں مداخلت اور ایک سنگین جرم ہے۔
احکامات کے مطابق ملوث افراد کے خلاف پیٹرولیم ایکٹ 2012 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جب کہ غیر رجسٹرڈ پٹرول پمپس اور ڈپو کو سیل کر کے ذخیرہ شدہ پٹرول و ڈیزل کو سرکاری تحویل میں لیا جائے۔
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے حالیہ دنوں میں تربت شہر میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر بھی سخت ایکشن لیتے ہوئے گران فروشی میں ملوث متعدد دکانداروں کو گرفتار کیا تھا اور ان کی دکانیں سیل کی گئی تھیں۔
دوسری جانب پٹرول کی قلت پر قابو پانے کے لیے ڈپٹی کمشنر نے آج شہر کے ڈپو مالکان کو طلب کیا اور انہیں ہدایت کی کہ پمپ مالکان کی ہڑتال کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مختلف مقامات پر پٹرول فروخت کے پوائنٹس قائم کیے جائیں۔
ڈپو مالکان نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد از جلد ان ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کریں گے، تاکہ شہریوں کو پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website