تربت۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ترقیاتی اسکیموں کی تاخیر اور ٹھیکیداروں کی جانب سے غیرذمہ داری کے مظاہرہ پر سخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ وہ ٹھیکیدار جو ادائیگی کے باوجود اپنی اسکیمات ادھورا چھوڑ چکے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈپٹی کمشنرکیچ بشیر احمد بڑیچ نے جمعرات کے روز اپنے دفترمیں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مختلف محکموں کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے ترقیاتی اسکیمات ادھورے اورنامکمل ہیں جبکہ ٹھیکیداروں کو ان منصوبوں کی مد میں 50فیصد سے زائد ادائیگی بھی کی جاچکی ہے جبکہ کئی ٹھیکیدار خود سرکاری طورپر ٹینڈر حاصل کرنے کے بعد کم لاگت پر اپنی اسکیمات پیٹی ٹھیکیداروں کو دے چکے ہیں جن سے کام کی کوالٹی بھی انتہائی غیرتسلی بخش ہے، ایسے ٹھیکیداروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی اور رعایت نہیں برتی جائے گی جبکہ متعلقہ محکموں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ ادھورے اورنامکمل کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرانے کے پابند ہیں بصورت دیگر غیرذمہ داری کامظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، ملک آباد، شاہی تمپ، سینٹرل جیل اور دیگر علاقوں میں ترقیاتی اسکیمات کا معائنہ کیا، جہاں انہیں متعلقہ انجینئرز نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مسلسل جائزہ اس بات کا غماز ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے تاہم ان منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں کی کارکردگی شدید عوامی تنقید کی زد میں ہے جس پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے سخت نوٹس لیا ہے۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website