بلیدہ: صوبائی وزیر برائے ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ بلیدہ میں جاری ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور عوامی شمولیت کے ساتھ مکمل کیے جا رہے ہیں، اور ان کی تکمیل سے علاقے کی مجموعی شکل و صورت بدل جائے گی۔
بلوچستان اپڈیٹس کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بلیدہ سٹی ماڈل پراجیکٹ” تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، اور اس راہ میں حائل رکاوٹوں کو عوامی تعاون سے دور کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلیدہ کا مستقبل روشن ہے، جہاں تعلیم، صحت، مواصلات اور معیشت میں نمایاں اور دیرپا بہتری آئے گی۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بلیدہ میں تعمیر کیا جانے والا نیا اسپتال ایک ماڈل طبی مرکز ہوگا، جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا، اور ایک سال کے اندر صحت و تعلیم کی تمام بنیادی سہولیات مکمل فعال ہوں گی۔
میر ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ بلیدہ کو جلد ہی ایم 8 اور سی پیک روٹ سے منسلک کیا جائے گا، جس سے دالبندین تا گوادر تجارتی روٹ کے ذریعے مقامی آبادی کو براہِ راست معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید غلام فاروق اسپتال میں جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ عوام کو صحت کے شعبے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام منصوبوں کی خود نگرانی کریں، تاکہ ترقیاتی عمل میں شفافیت برقرار رہے اور یہ منصوبے حقیقی معنوں میں عوامی مفاد کا ذریعہ بنیں۔ "عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، اور یہی وجہ ہے کہ عوام کا اعتماد ہمارے ساتھ بڑھ رہا ہے۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website