خضدار (نمائندہ خصوصی) خضدار کے علاقےسے گزشتہ روز اغواء ہونے والی اسماء بلوچ تاحال بازیاب نہ ہو سکی، جس کے خلاف احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ مغوی لڑکی کے اہلخانہ نے کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ کو مسلسل دوسرے روز بھی بند کر رکھا ہے، جبکہ زہری میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
دوسری جانب، واقعہ نے سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل کو جنم دیا ہے اور مختلف پلیٹ فارمز پر "اسماء بلوچ” کا کیس ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے، جہاں متاثرین انصاف اور فوری بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مغوی لڑکی کے اہلخانہ نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللّٰہ زہری کے ایک قریبی ساتھی پر الزام عائد کرتے ہوئے انہیں واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ تاہم، نواب زہری نے واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے اسماء بلوچ کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی مغوی لڑکی کی فوری بازیابی کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک اسماء بلوچ کو بازیاب نہیں کرایا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website