تربت: بی آر ایس پی (Balochistan Rural Support Programme) کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف تُربَت میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع “انٹرپرینیورشپ اور امن و امان” تھا۔ سیمینار میں طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسراقبال دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر مقررین بینر پر درج موضوع سے ہٹ کر گفتگو کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمینار کا اصل مقصد نوجوانوں کو امن و امان کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا، تاہم اس پہلو کو نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ امن و امان کسی بھی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور نوجوانوں کو اس حوالے سے شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈی سی کیچ نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور امن کے قیام میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک علاقے میں امن و استحکام نہیں ہوگا، کاروبار اور معیشت ترقی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے منتظمین اور مقررین پر زور دیا کہ آئندہ ایسے پروگرامز میں موضوع کے مطابق گفتگو کو یقینی بنایا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website