تربت (بلوچستان اپڈیٹس)میونسپل کارپوریشن تربت نے شہر میں آوارہ گھومنے والے پالتو جانوروں کے مسئلے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے مالکان کو آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق پالتو جانوروں کے مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 11 جنوری تک اپنے جانوروں کو شہر کی حدود سے ہٹا لیں، بصورتِ دیگر مقررہ تاریخ کے بعد شہر میں آوارہ پائے جانے والے جانوروں کو موقع پر ہی ضبط کرکے نیلام کر دیا جائے گا۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق گائے، بکری، گدھے اور دیگر پالتو جانوروں کے آوارہ گھومنے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ شاہراہوں پر لگائے گئے پھول، پودے اور درخت بھی شدید نقصان کا شکار ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر ائیرپورٹ روڈ، مین روڈ، کمشنری روڈ، کالج روڈ، مبارک قاضی چوک اور تعلیمی چوک جیسے اہم مقامات پر یہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ 11 جنوری کے بعد ضبط کیے گئے جانوروں کے مالکان کی کسی بھی قسم کی شکایت قابلِ سماعت نہیں ہوگی۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website