کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی بلوچستان کی نئی صوبائی کابینہ کے اراکین نے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر سردار محمد عمر گورگیج، جنرل سیکریٹری ربانی کاکڑ اور سیکریٹری اطلاعات ظہور بلیدی شامل تھے۔
اس موقع پر بلوچستان کی صوبائی قیادت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے مشن کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں ایک مضبوط سیاسی انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی کی تنظیم سازی کو یونین کونسل کی سطح تک منظم اور فعال بنایا جائے تاکہ عوام سے براہ راست رابطہ قائم رکھا جا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو اجاگر کیا جائے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے عوام کی نمائندہ جماعت رہی ہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
Balochistan Updates | Latest News Balochistan Updates News website